بریڈفورڈ میں بےنظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب، سابق رکن پارلیمنٹ ناز شاہ سمیت سینئر رہنماؤں کی شرکت

بریڈفورڈ (پی این آئی) پاکستان کی سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 71 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔۔۔ شرکاء تقریب میں سابق ممبر برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ ،آصف نسیم راٹھور ، سردار عبدالرحمن ، راجہ نجابت ، راجہ شوکت خالق ، اے ڈی خان ، قاری محمد عباس ، بلال درانی ، اظہر شاہ اور دیگر کی جانب سے شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔۔۔

شُرکاء تقریب نے اپنی عظیم قائد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دُنیا میں پاکستان کی پہچان اور قابل رشک ،انتہائی ذہین و فطین ،لائق و فائق اور مفکر و مدبر خاتون تھیں پروردگار عالم نے اُنہیں بے شمار صفات سے آراستۂ و پیراستہ فرما رکھا تھا اور خدا وند عالم نے حکمت و دانائی سے خوب مزین کر رکھا تھا جنہوں نے پاکستان میں صحیح معنی میں جمہوریت کی بقاء اور مُلکی ترقی کیلئے انتھک کوششیں کیں شہید محترمہ ایک ایسی بہادر دلیر اور نڈر لیڈر تھیں جنہوں نے فوجی ڈکٹیٹر جنرل ضیاء الحق کی آمریت سے لیکر ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی بدترین آمریت تک عوام کے حقوق کیلئے نبُرد آزما رہیں۔

اپنے مزاجی خدا (خاوند ) سابق صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری کی قیدوبند کے دوران اُن کے خلاف جھوٹے اور خود ساختہ مقدمات بنائے گئے تن تنہا چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کو ساتھ لے کر عدالتوں اور جیلوں کے چکر کاٹتی رہیں طویل جلاوطنی کے ایام بھی کاٹے ان تمام تر تکلیفوں اور پریشانیوں کے باوجود اُنہوں نے میثاق جمہوریت کیلئے اپنے اُن حریفوں اور مخالفین کے ساتھ بھی مُلک اور قوم کی خاطر اتحاد کیا جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں محترمہ شہید پر جھوٹے مقدمات بھی قائم کیئے تھے وطن عزیز اور پاکستان کی عوام کی محبت میں جلاوطنی ختم کر کے وطن واپس لوٹیں جبکہ اُنہیں پارٹی رہنماؤں نے بار بار منع کیا تھا کہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی سفاک حکومت آپ کو نقصان پہنچائے گی اور آپ کی جان کوبھی شدید خطرات لاحق ہیں لیکن تمام خطرات کے باوجود محترمہ شہید اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے وطن واپس تشریف لے آئیں کہا کہ میرا مرنا اور جینا میری عوام کے ساتھ ہے اور واقعی اُنہوں نے اپنی جان کی قُربانی دے کر اپنے وعدے کو سچا کر دکھایا۔تقریب کے شرکاء نے آخر میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کے علاوہ بی بی شہید سمیت پارٹی کے تمام شُہداء و جانثاروں کیلئے مغفرت اور بلندئ درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں