پی ٹی آئی نے بجلی کی بنیادی ٹیرف میں اضافے کومسترد کردیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخ میں ظالمانہ اضافہ مکمل طور پر مسترد کر دیا، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ مینڈیٹ چور حکومت ہرلحاظ سے عوام دشمن حکومت ہے۔

پی ٹی آئی آفیشل ایکس پر جاری اپنے ردعمل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے بجلی کی بنیادی قیمت میں 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ ظالمانہ اضافہ مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔موجودہ مینڈیٹ چور حکومت ہرلحاظ سے عوام دشمن حکومت ہے جسے ہر دوسرا حکومتی اقدام ثابت کر رہا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ بجلی کی بنیادی قیمت میں ہوشربا اضافے سے نہ صرف عوام کی قوت خرید متاثر ہو گی بلکہ گھریلو معیشت کا جنازہ نکل جائے گا، عوامی مینڈیٹ سے محروم اقتدار پر قابض حکمرانوں کا ہدف عوام، متوسط طبقہ اور تنخواہ دار طبقہ ہے۔

عوام کو 8 فروری کو ظلم اور وحشت کے راج کو مسترد اور عمران خان اور ان کی جماعت کوووٹ کے ذریعے منتخب کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، ایک جانب عوام دشمن ظالمانہ بجٹ اور اس پر بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کیساتھ عوام کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ اس سے پہلے مینڈیٹ چور نااہل حکومت نے کسانوں کو نشانہ ستم بنا کر دیہی معیشت کی تباہی کی بنیاد رکھی، اب وفاقی حکومت کے تضادات اور نقائص سے بھرپور بجٹ کے نتیجے میں آنے والا مہنگائی کا طوفان عوام سے لے کر کاروباری طبقے تک سب کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close