کراچی(پی این آئی)واٹس ایپ نے چند بہترین فیچرز متعارف کروا دیے۔۔۔واٹس ایپ کا استعمال صرف میسجز تک محدود نہیں بلکہ اس پر آڈیو اور ویڈیو کالز بھی بہت زیادہ کی جاتی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے کالنگ کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے چند فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں اسکرین شیئرنگ اور ویڈیو کالنگ کو بہتر بنایا گیا ہے۔اگست 2023 میں واٹس ایپ نے ویڈیو کالز کے لیے اسکرین شیئرنگ سپورٹ متعارف کرائی تھی۔اب اس فیچر کو بہتر بنایا گیا ہے اور اسکرین کے ساتھ ساتھ آڈیو کو بھی شیئر کرنا ممکن ہوگیا ہے۔اس سے آپ کسی واٹس ایپ کال کے دوران اپنے کانٹیکٹس کے ساتھ ویڈیوز بھی دیکھ سکیں گے۔اسی طرح ویڈیو کالنگ کو بھی بہتر کیا گیا ہے اور اب آپ تمام ڈیوائسز پر 32 افراد کو ایک ویڈیو کال کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
اس اپ ڈیٹ سے قبل بھی ایک ویڈیو کال پر 32 افراد کو شامل کرسکتے تھے مگر آپ ایسا صرف موبائل ڈیوائسز پر ہی کر سکتے تھے مگر اب ڈیسک ٹاپ ایپس میں بھی ایسا ممکن ہے۔میٹا کی جانب سے اسپیکر اسپاٹ نامی فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جو خودکار طور پر ایسے افراد کو ہائی لائٹ کرتا ہے جو ویڈیو کال کے دوران بات کر رہے ہوتے ہیں اور انہیں سب سے پہلے اسکرین پر دکھایا جاتا ہے۔کمپنی کی جانب سے پرانی ڈیوائسز یا ناقص انٹرنیٹ والی جگہوں پر واٹس ایپ کالز کو زیادہ بہتر بنانے کے لیے Meta Low Bitrate نامی اپ ڈیٹ بھی کی گئی ہے، جس سے آڈیو کوالٹی نمایاں حد تک بہتر ہو جائے گی۔کمپنی نے بتایا کہ یہ نئے فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں