پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا پر ممکنہ پابندیوں پر بڑا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر غیرآئینی، غیرقانونی پابندیوں کی قانونی طریقے سے بھرپورمزاحمت کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ریاستی منصوبہ ساز فائروالز کے پیچھے چھپنے کی بجائے عوامی مینڈیٹ واپس کریں، مینڈیٹ چوروں کے بارے میں عوامی رائے نہیں بدلی جا سکتی ، پی ٹی آئی ہر سطح پر اس کی مزاحمت کا اعلان کرتی ہے۔پی ٹی آئی ایکس پر جاری اپنے ردعمل کے مطابق ایک نام نہاد ”فائروال“کے ذریعے آزادئ اظہار اور معلومات تک رسائی کے بنیادی حقوق کو مکمل طور پر غصب کرنے کا معاملہ، پاکستان تحریک انصاف کیجانب سے خصوصاً سوشل میڈیا پر غیرآئینی اور غیرقانونی پابندیوں کی ہر ممکن قانونی طریقے سے بھرپور مزاحمت کا اعلان کیا گیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان فی الوقت دستور اور جمہوریت کے احمق ترین غدّاروں کے قبضے میں ہے، آئین اور جمہوریت کے دشمن پاکستان کو بنیادی جمہوری آزادیوں سے محروم کرکے ایک مطلق العنّان آمر کی چراگاہ میں بدلنے کیلئے ہر حد سے گزر رہے ہیں، ملک کو سیاسی استحکام اور قانون کی حکمرانی اور معاشی ترقی درکار ہے، یہ احمق اربوں روپے عوام اور میڈیا کی زباں بندی جیسے مکروہ عمل میں جھونک رہے ہیں، کسی فائر وال کے ذریعے دستور و قانون کے ازلی دشمنوں اور مینڈیٹ چوروں کے بارے میں عوامی رائے نہیں بدلی جا سکتی، ریاستی منصوبہ ساز واقعتاً عوام کی نگاہوں میں اپنے تشخص میں بہتری چاہتے ہیں تو فائر والز کے پیچھے چھپنے کی بجائے آئین بحال اور عوامی مینڈیٹ واپس کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close