پی ٹی آئی نے اپوزیشن کی تحریک میں مولانا فضل الرحمان کے آن بورڈ ہونے کا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)چیئرمین پی ٹی آٰئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہماری تحریک میں مولانا فضل الرحمان آن بورڈ ہیں، جے یو آئی کے ساتھ مشترکہ جلسہ بھی ہوسکتا ہے، تحریک انصاف کی لیڈرشپ رواں ہفتے جے یو آئی سے ملاقات کرے گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ کرپٹ سسٹم کے بینیفشری ہوتے ہیں وہ کبھی مثبت اقدامات نہیں کرتے، تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، ہم چاہتے ہیں قانون اور آئین کی بالادستی پر بات ہو۔ہم نے دیکھا ہے ہمارے کیسز میں آئین، رولز اور قانون نظر نہیں آتے، عدلیہ سے پُرامید ہیں، سرگودھا میں ہمارے نمائندوں کو عدالتوں میں پیش ہونے سے روکا گیا، لوگ گھروں میں جلسے کرتے ہیں، اس پر پرچے ہوجاتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف کیس پر کیس بنائے جارہے ہیں، ہمارے خلاف کریک ڈاؤن تو پہلے سے جاری ہیں، آج شبلی فراز کے گھر پر انسداد تجاوزات والے پہنچ گئے، حکومت عوامی مسائل پر بات نہیں کرتی، سپیکر کو کئی بار کہا کہ آپ ہاؤس کے کسٹوڈین بنیں۔ بیرسٹرگوہر خان نے یہ بھی کہا کہ ذاتی طور پر نہیں سمجھتا کہ وزیراعظم کا دورہ چین سود مند تھا، وزیراعظم کو چین میں ڈپٹی میئر نے ویلکم کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close