لاہور(پی این آئی)نواز شریف نے سیاسی ایجنڈے کا اعلان کر دیا۔۔۔مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں آئی ایم ایف کے سہارے ڈھونڈنے والا بندہ نہیں ہوں، ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا یہ لے کر آئے تھے، دوبارہ آئی ایم ایف کیوں آیا؟وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت لائیو اسٹاک سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے ملک اجاڑ کر چلے گئے، ان کی شرطوں سے غریب کیوں متاثر نہیں ہوں گے، میں تو گھر گھر بجلی پہنچا کر گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جنگلا بس کہنے والے اربوں روپے کھا کر غائب ہوگئے، پشاور میٹرو بس گھپلوں کی انکوائری سامنے نہیں لائی گئی۔نواز شریف کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف دنیا سے چلے گئے، شکوہ اب کیا ہو گا، کیا وجہ تھی کہ پرویز مشرف نے حکومت کو باہر پھینکا، ایٹمی بٹن دبانے اور 6 ایٹمی دھماکے کرنے والے وزیرِ اعظم کو یہ صلہ دیا گیا۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ قوم کو بھی موازنہ کرنا چاہیے کہ کون کیا کر کے گیا ہے، حق کو حق اور سچ کو سچ کہنا ہو گا، پاکستان میں غریبوں کا جینا مشکل کر دیا گیا ہے، روٹی میسر ہے نہ سالن، بجلی اتنے اونچے ریٹ پر میسر ہے۔ان کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان نے بہادری سے جیل کاٹی اور میرا ساتھ دیا، مہنگائی کم اور اسٹاک مارکیٹ بے مثال طور پر اوپر جا رہی ہے، شہباز شریف بہت محنت اور خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ مریم نواز کو بھی شاباش، آٹے اور گندم کی قیمت نہ بڑھنے میں ان کا بھی کردار ہے، ثبوت ہے کہ اللّٰہ آپ کا ہاتھ پکڑ رہا ہے، خلوص نیت سے کام کریں گے تو اللّٰہ محنت رائیگاں نہیں جانے دے گا۔نواز شریف کا مزید کہنا ہے کہ مریم نواز اسی طرح کرتی چلی جائیں اور شہباز شریف بھی محنت کرتے رہیں تو ملک بحرانوں سے نکل جائے گا، میں ووٹ مانگنے نہیں گیا تھا کہ اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ دو، میں خود چل کے گیا تھا کہ آؤ مل کر کام کریں، میں نے محترمہ کے ساتھ میثاق جمہوریت کیا تھا، آپ کا رویہ روٹھے ہوئے بندے کی طرح ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں کینہ، عداوت، یا انتقام کی نیت رکھنے والانہیں ہوں، انہوں نے دھرنے میں کہا وزیرِ اعظم نواز شریف تمہیں کھینچ کر لاؤں گا، کہا گیا نواز شریف کو جیل میں ڈال کر اے سی نکلوا دوں گا، میرا دھیان تو کبھی اس طرف نہیں گیا۔اجلاس میں ملکی تاریخ کا پہلا پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ اور پہلی’فارمر رہنمائی ایپ‘ کا اجراء کیا گیا۔پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ پراجیکٹ کی منظوری سے مویشی فیڈ کے لیے بلاسود ڈھائی لاکھ روپے قرض ملے گا۔مریم نواز نے لائیو اسٹاک فارمر کے لیے قرضے کے حصول کے مراحل آسان بنانے اور جنوبی پنجاب میں فارمرز کو ڈیری فارمنگ کے لیے اسکیم تیار کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے لائیو اسٹاک فارمرز کو معاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیری فارمنگ کے لیے آسان اقساط پر قرضہ فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا، 40 ہزار فارمرز کو پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے قرضے دیے جائیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم سے 4 لاکھ جانور میٹ ایکسپورٹ کے لیے دستیاب ہوں گے، پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے فارمر 30 دن میں قرضہ ادا کر سکے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں