ذی الحج کے چاند کی پیدائش ہو گئی،عید الاضحٰی کب ہوگی؟

لاہور(پی این آئی) ذی الحج کے چاند کی پیدائش ہو گئی، پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں عید الاضحٰی 17 جون بروز پیر کو ہونے کا امکان، حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق ماہ ذیقعدہ کا اختتام قریب آنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں نے عید الاضحٰی کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ سعودی عرب میں حج بیت اللہ کی تیاریاں بھی عروج پر پہنچ چکی۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کروڑوں مسلمان یہ جاننے کیلئے بھی کوشاں ہیں کہ عید الاضحٰی کس تاریخ کو ہو گی۔ پاکستان میں عید الاضحی کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی ہے، جبکہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش کے حوالے سے بھی اہم خبر سامنے آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش ہو گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش 6 جون کی شام کو پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 38 منٹ پر ہوئی۔یوں 7 جون بروز جمعہ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے ہونے کے باعث چاند باآسانی نظر آئے گا میڈیا رپورٹس کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونس نے پاکستان میں عیدالاضحٰی 17 جون کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ قوی امکان ہے کہ پاکستان میں ماہ ذیقعدہ کا اختتام 29 ایام کے بعد ہو گا، یوں ملک میں عید الاضحٰی 17 جون کو ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بھی ذی الحج کا چاند 7 جون کو نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کر رکھا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بھی عیدالاضحٰی 17 جون کو ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 7 جون کو طلب کر لیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں