خاتون پی ٹی آئی کارکن رہائی کے بعد پھر گرفتار

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی ایکٹویسٹ صنم جاوید کو ضمانت کے بعد ایک بار پھر سے گرفتار کرلیا گیا۔

بدھ کو صنم جاوید کو گوجرانوالہ پولیس نے سرگودھا جیل کے باہر سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق صنم جاوید گوجرانوالہ کینٹ کے 9 مئی کے مقدمہ میں نامزد ہیں جبکہ عالیہ حمزہ کو بھی مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ صنم جاوید سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ یاد رہے کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی اس سے قبل درج تمام مقدمات میں ضمانت ہوگئی تھی۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے صنم جاوید کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ جسٹس محمد وحید احمد خان نے ان کے والد جاوید اقبال کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیٹی کو ضمانتیں منظور ہونے کے باوجود رہا نہیں کیا جارہا ، عدالت صنم جاوید کو عدالت طلب کر کے آزاد کرنے کا حکم دے۔ دوران سماعت جیل حکام نے کہا کہ صنم جاوید کی رہائی کی روبکار سرگودھا جیل میں موصول ہوچکی ہے، روبکار بذریعہ ڈاک بھیجی تھی۔ بعدازاں، عدالت نے بازیابی کی درخواست نمٹا دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں