عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی (نظریاتی) اختر اقبال ڈار نے عمران خان کے سوشل میڈیا پر تمام اکاؤنٹس بلاک کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ”ایکس“ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو اپ لوڈ اور ٹوئٹ کی گئی تھی، اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا اور یہ جاننا چاہیے کہ اصل غدار تھا کون جنرل یحیٰ خان یا شیخ مجیب الرحمان‘۔اس ویڈیو اور ٹوئٹ کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے عمران خان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا تھا اور اس ضمن میں عمران خان کو مؤقف لینے کی کوشش کی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے ٹیم سے ملنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صرف وکلا کی موجودگی میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔تاہم اب اس معاملے پر اختر اقبال ڈار نے ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو خط لکھا ہے جس میں انھوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوشل میڈیا پر تمام اکاؤنٹس بلاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں