کوئلے کی کان میں دم گھٹنے سے کئی کان کن جاں بحق ہو گئے،افسوسناک خبر

کوئٹہ(پی این آئی)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجدی کی کوئلہ کان میں دم گھٹنے سے 11 کان کن جاں بحق ہوگئے۔

چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی کے مطابق حادثہ کوئٹہ سے 40 کلومیٹر دور سنجدی کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک کوئلے کی کان میں دم گھٹنے سے 11 کان کن جاں بحق ہوگئے ۔ان کا کہنا ہے کہ کان کنوں کی موت سی او گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوئی ۔جاں بحق افراد کی لاشیں کان سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں۔جاں بحق ہونے والے کان کنوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے سوات سے ہے اور ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو سوات روانہ کیا جائے گا ۔ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق محکمہ مائیز اینڈ منرلز کی ابتدائی رپورٹ موصول ہوگئی ہے جس کے مطابق کان میں زہریلی گیس سے 9 مزدور ، 1 ٹھیکے دار اور 1 مائنز منیجر جاں بحق ہوئے۔ترجمان نے بتایا کہ گیس بھرنے کا واقعہ نجی مائنز کمپنی کی کوئلہ کان میں پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر کمپنی کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، واقعےکی تفصیلی رپورٹ آئندہ 24 گھنٹے میں پیش کر دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں