نیویارک (پی این آئی) عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ پر ڈالرز کی برسات۔
تفصیلات کے مطابق امریکی تاریخ میں پہلی بار سابق صدر کو سزا سنائے جانے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے انوکھے انداز میں ردعمل دیا گیا ہے۔ امریکی عدالت کی جانب سے سابق امریکی صدر ٹرمپ کو سزائے سنائے جانے پر چند ہی گھنٹوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے حامیوں سے کروڑوں ڈالرز کے عطیات مل گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی انتخابی مہم کیلئے اب تک 34 ملیں ڈالرز سے زائد کے عطیات موصول ہو چکے۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 10 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی فحش اداکارہ کو خاموش رہنے کیلئے رقم دینے کے کیس میں تمام 34 الزامات میں مجرم قرار دیے جانے پر ردعمل دیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ متنازع اور کرپٹ جج کی طرف سے یہ دھاندلی والی سماعت ہے۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اصل فیصلہ 5 نومبر کو عوام کریں گے، میں بہت معصوم آدمی ہوں، سب جانتے ہیں کہ یہاں کیا ہوا۔ واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جعلسازی کیس میں مجرم قرار دیئے گئے ہیں۔ٹرمپ کو سزا کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کرنے پر نیویارک جیوری نے سنائی، عدالتی حکم کے مطابق 11 جولائی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی سزا کا اعلان کیا جائے گا۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کو 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی سے متعلق 34 الزامات عائد کئے گئے تھے، جیوری نے تمام الزامات کو درست قرار دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام تھا کہ ان کے اسٹارمی ڈینئلز کے ساتھ جنسی تعلقات تھے اور انہیں چھپانے کیلئے 2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پر اسٹارمی ڈینئلز کو رقم دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت گئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں