قربانی کے جانور کی خریداری کیلئے نئی ایپ متعارف کروا دی گئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشیوں کی تجارت اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر پاکستان کی پہلی ’’ ای کیٹل مارکیٹ‘ (e-cattle market) جیسا شاندار پلیٹ فارم متعارف کروا دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ یہ پلیٹ فارم شہریوں کو قربانی کے جانور اپنے گھر بیٹھے آن لائن خریدنے کی سہولت فراہم کرتاہے جس نے مویشیوں کی تجارت کے شعبے میں انقلاب برپا کر دیاہے ۔ای کیٹل مارکیٹ ایپ ایک جامع اور صارف دوست انٹرفیس پیش کرتی ہے جہاں خریدار قربانی کے جانوروں کے وسیع ڈیٹا بیس کے ذریعے براؤز کر سکتے ہیں۔

ایپ ڈیلرز کے ساتھ براہ راست رابطے کی اضافی سہولت کے ساتھ ہر جانور کی تصاویر اور ویڈیوز، وزن اور قیمتوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتی ہے۔کیٹل مارکیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین ابراہیم طارق شفیع نے ایپ کے فوائد پر زور دیتے ہوئے کہا، “اس ایپ کے ذریعے شہری اب پرہجوم منڈیوں کا دورہ کیے بغیر اپنی پسند کے جانور کا آرڈر دے سکتے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف رش میں کمی آئے گی۔ بلکہ وقت اور پیٹرول کی بھی بچت ہوتی ہے۔”

ایپ کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ صارفین اپنی مطلوبہ قیمت کی حدکو مقرر کر سکتے ہیں ، جس سے مزید موزوں نتائج حاصل ہوں گے ، ایک بار جانور کا انتخاب ہو جانے کے بعد، دکاندار خریداروں سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں ۔صارفین کو ممکنہ دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے، ایپ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ خریدار کی جانب سے جانور موصول ہونے اور اس کی منظوری کے بعد ہی ادائیگیاں کی جائیں۔ اس محفوظ لین دین کے عمل کا عوام نے بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا ہے جو صارفین کے پیسے کو محفوظ رکھتا ہے ۔پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (پی سی ایم ایم ڈی سی) کا کاروبار 3 بلین سے بڑھ کر 14 بلین تک پہنچ چکا ہے جو کہ اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر پنجاب مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبہ بھر میں 1233 ہیلپ لائن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close