عمران خان کی تصویر کس نے لیک کی؟ تہلکہ خیز دعویٰ آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)سپریم کورٹ میں نیب ترمیمی آرڈیننس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تصویر کس نے لیک کی اس بارے بڑا دعویٰ سامنے آگیا ہے۔


جمعرات کو سپریم کورٹ میں قومی احتساب بیورو ( نیب ) ترامیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت عظمیٰ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کو بھی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی ایک تصویر لیک ہوئی جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی جس پر سپریم کورٹ انتظامیہ نے تحقیقات شروع کیں اور پولیس ذرائع کے مطابق اسٹاف کو سی سی ٹی وی کیمرے دیکھ کر تصویر وائرل کرنے والے کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی۔تصویر وائرل ہونے کی تحقیقات کے حوالے سے کوئی آفیشل پیشرفت تاحال سامنے نہیں آئی تاہم، پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدر میاں عقیل افضل نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے اور مبینہ شخص کی نشاندہی کی ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں میاں عقیل کا کہنا تھا کہ ’’ عمران خان کی تصویر بنانے والے کا بالآخر پتہ چل ہی گیا ‘‘۔صدر پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ’’ سپریم کورٹ کورٹ کی کارروائی کے دوران جب عمران خان کی کمرہ عدالت سے لی گئی تصویر وائرل ہوئی تو ہلچل مچ گئی سب سے پہلے سیکورٹی اداروں نے صحافیوں پر شک کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ یہ تصویر جس سائیڈ سے لی گئی ہے وہاں صحافی جاتے ہی نہیں ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’ بڑا واویلا بڑا رولا گولا بالاخر جب معلوم ہوا جناب نئے نویلے وکیل ہیں ایک وکیل کے بیٹے ہیں اور لا کلرک کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں تو پھر سارا غصہ ٹھنڈا اور بات شکایتوں تک ہی محدود ہوگئی ‘‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close