خلیجی ممالک میں کام کرنیوالے پاکستانی ڈاکٹروں کیلئے بڑی خوشخبری

ویب ڈیسک(پی این آئی)سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کے لئے اچھی خبر، سعودی عرب اور خلیجی ممالک نے پاکستان کے پرانے پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرام ایم ایس (ماسٹر آف سرجری) اور ایم ڈی (ڈاکٹر آف میڈیسن) کو تسلیم کرلیا۔

ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (اے یو پی ایس پی) کی کاوشوں سے یہ اقدام ممکن ہوا ہے جس نے خلیجی خطے میں پاکستانی میڈیکل ڈگریوں کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کام کیا۔ریاض میں سعودی کمیشن برائے ہیلتھ اسپیشلٹیز کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے دورہ پر یہ فیصلہ ہوا جس کے نتیجے میں سینئر رجسٹرار کے ضمرے میں ایم ڈی اور ایم ایس پروگرام کی بحالی ہوئی۔اب ایم ڈی اور ایم ایس کی ڈگری سینئر رجسٹرار کی کیٹیگری میں آئے گی اور اس سے ان ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی ڈاکٹرز کے عہدہ، تنخواہ اور مراعات میں اضافہ ہوگا۔2016 سے اب تک کوششوں کے بعد بالآخر ان ڈگریوں کو تسلیم کر لیا گیا ہے ایم ڈی ایس (ڈینٹسٹری) کو پہلے ہی تسلیم کیا جا چکا ہے اور اب اس اقدام سے سعودی عرب میں کام کرنے والے تین ہزار ڈاکٹرز مستفید ہو سکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں