اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن ( پی آئی اے ) کی نجکاری کا عمل 100 فیصد شفاف اور
میڈیا کے سامنے ہوگا جبکہ نجکاری سے قومی ائیر لائن کے ملازمین کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، نجکاری کیلئے درخواستوں میں 15 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں 10 معروف کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم، انہوں نے 15 دن کا مزید وقت مانگا ہے جس کے بعد نجکاری کیلئے درخواستوں میں 15 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور مزید توسیع نہیں ہوگی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نجکاری میں 3 مقامی ایئرلائنز بھی انٹرنیشنل کمپنیوں کیساتھ کنسور شیم بنا کر آنا چاہتی ہیں، پی آئی اے کو 830 ارب کا نقصان پہنچانے والوں کو نجکاری میں اپنا مفاد نظرنہیں آرہا، خسارے کا شکار تمام اداروں کی نجکاری ترجیح ہے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز ، پی آئی اے اور ڈسکوز معشیت پر بوجھ ہیں، پاکستان کی ترقی روکنے میں نقصان کرنے والے اداروں کا کردار ہے، تمام ایئر لائنز کا مل کر بھی پی آئی اے کے مقابلے میں حصہ کم ہے، پی آئی اے کے پاس جدہ ، مدینہ ، چین اور ہانگ کانگ جیسے روٹس ہیں جبکہ لندن ، واشنگٹن اور ٹورونٹو کی براہ راست فلائٹس اڑتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں