چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کیلئے شیر افضل مروت کے نام پر تحفظات، صورتحال مشکل ہوگئی

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جانب سے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی نامزد کرنے پر حکومت نے تحفظات کا اظہار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پالیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر اپوزیشن کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کے نام پر نظرثانی کا پیغام بھیجا ہے۔بتایا گیا ہے کہ حکومت نے عہدے کے لیے اپوزیشن کی جانب سے کوئی اور نام سامنے نہ لانے کی صورت میں اپنا امیدوار لانے کا بھی عندیہ دیا ہے جب کہ شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے لیے اپوزیشن کو حکمران اتحاد کے تعاون کی ضرورت ہوگی کیوں کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بننے کے لیے کسی بھی امیدوار کا کم از کم 15 ووٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل کیا ہے، اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کا نام فائنل کیا گیا ہے، عمران خان نے آج مشاورت کے بعد ان کا نام فائنل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج صرف 5 وکلاء کو عمران خان سے ملنے دیا گیا، ہم نے کبھی اپنے مفاد کی پروا نہیں کی، ہماری کسی سے بات چیت نہیں ہورہی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بہترین انداز میں ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close