اسلام آباد(پی این آئی)ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری وقفے وقفے سے جاری ہے، شاہراہ نیلم اور شاہراہ سری نگر سمیت آزادکشمیر کی متعدد رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہیں۔
مری میں تین دن سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش ہورہی ہے جب کہ پشاور میں دو روز سے جاری بارش کاسلسلہ تھم گیا۔ آزاد کشمیر میں وادی نیلم میں چوتھے روز بھی وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جب کہ سیاحتی مقامات پر برف باری کاسلسلہ بھی جاری ہے۔ طوفانی بارشوں سے دریائے نیلم سمیت ندی نالوں میں طغیانی ہے اور مواصلات کا نظام متاثر ہے، لینڈسلائیڈنگ اور پتھر گرنے سے شاہراہ نیلم سمیت رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ بجلی کی ٹرانسمیشن لائنیں گرنے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے اور انٹرنیٹ کی سروس متاثر ہے۔ مانسہرہ کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے مرکزی سڑک اور کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ سےکئی مقامات پربند شاہراہ قراقرم کو نہیں کھولا جاسکا، سیکڑوں مسافر اور گاڑیاں پھنس گئیں۔ دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور پارہ 38 ڈگری پر پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تین سے چار روز کے دوران گرم اور خشک ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت زیادہ ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں