شاہ محمود قریشی کے بھانجے نے سنی اتحادکونسل میں شمولیت سے انکار کر دیا

اسلام آباد ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بھانجے ظہور قریشی نے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے قومی اسمبلی کے رکن پیر ظہور حسین قریشی نے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے، پیر ظہور حسین قریشی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بھانجے ہیں جنہیں اپوزیشن لیڈر نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی دعوت دی۔ بتایا گیا ہے کہ ظہور حسین قریشی نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی درخواست مسترد کردی ہے، انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ میں آزاد ایم این اے منتخب ہوا ہوں تحریک انصاف نے تو مجھے ٹکٹ ہی نہیں دیا تھا، اس لیے قومی اسمبلی میں اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھوں گا، اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے باوجود سنی اتحاد کونسل کو پارلیمانی پارٹی ماننے سے انکار کرتے ہوئے پیر کے روز تحریک انصاف کے 88 اراکین قومی اسمبلی کو آزاد ڈکلیئر کیا ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اس اقدام کے بعد 88 اراکین قومی اسمبلی اب کسی پارٹی ڈسپلن کے پابند نہیں رہے، پی ٹی آئی کے اراکین کو ڈرا دھمکا کر توڑنے کی کوششیں کی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close