حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر کا حلف اُٹھا لیا، سابق امیر سراج الحق سے گلے مل کر رو پڑے

لاہور(پی این آئی) نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کے موقع جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، حافظ نعیم الرحمان سابق امیر سراج الحق سے گلے مل کر رو پڑے۔ جماعت اسلامی کے دیگربزرگ رہنماؤں نے بھی نومنتخب امیر جماعت اسلامی کو استقامت کی دعا دی۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے چھٹے امیر ہیں۔ ارکان جماعت اسلامی نے انہیں پانچ سال کے لیے جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا ہے۔ حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جمہوری طریقے اور جمہور کی طاقت سے انقلاب لانا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی پوری قوم کی قیادت کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی سیاست کو عبادت سمجھ کرکرتی ہے، جماعت اسلامی کا ہر کارکن پاکستان کی حفاظت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس خوبصورت آئین ہے جو سب کو حقوق فراہم کرتا ہے، جو لوگ 76 سال سے نظام چلارہے ہیں ان کو اعلان کرنا چاہیے وہ ناکام ہوگئے ہیں، فارم 47 والے پاکستان کی قیادت کے اہل نہیں ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہماری کسی ادارے،کسی شخص اور کسی پارٹی سے کوئی لڑائی نہیں ہے، ہم سب سے بات کریں گے، ہمیں انتخابات کی سیٹیں لینےکی جلدی نہیں،کارکن تیاری کریں ہم ملک گیر تحریک چلائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close