بشریٰ بی بی کی درخواست خارج، عدالت برہم

اسلام آباد(پی این آئی)بشریٰ بی بی کی درخواست خارج، عدالت برہم۔۔۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج کر دی۔عدالتِ عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی درخواست عدم پیروی کے باعث خارج کی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے احکامات جاری کیے۔دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کے وکلاء کی عدم پیشی پر عدالت نے اظہارِ برہمی بھی کیا۔اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ عید پر بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسٹیٹ کونسل سے کہا کہ بشریٰ بی بی کے وکیل عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے؟ اگر وہ یہ کیس جیت جاتے تو بشریٰ بی بی جیل چلی جاتیں، وہ خود بھی نہیں چاہتے کہ بشری بی بی جیل چلی جائیں، جو انہوں نے ریلیف مانگا ہے پتہ نہیں وہ چاہتے بھی ہیں یا نہیں، عدالت کے ساتھ سیاست کھیل رہے ہیں، مذاق بنا ہوا ہے، کہا بھی تھا کہ آج سن کر اس کیس کا فیصلہ کریں گے پھر بھی ان کے وکلاء نہیں آئے، یہ سائیڈ بھی ٹھیک کام نہیں کر رہی اور آپ بھی ٹھیک نہیں کر رہے، شعیب شاہین آئے تھے وہ بھی چلے گئے، واپس نہیں آئے۔بشریٰ بی بی کی درخواست خارج ہونے کے بعد ان کے وکیل عثمان ریاض گِل عدالت پہنچ گئے اورعدالت کو بتایا کہ راستے میں ناکے لگے ہوئے تھے اس لیے لیٹ ہو گئے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ان سے کہا کہ گِل صاحب! آپ کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی، اب آپ بحالی کی درخواست دے سکتے ہیں۔بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گِل ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم پٹیشن بحالی کی درخواست ابھی تھوڑی دیر میں دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گِل ایڈووکیٹ نے عدالت میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے ہم دیر سے پہنچے ،کیس کی بحالی کی درخواست دے رہے ہیں،جس کے بعد ہم کیس کی مزید پیروی کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں