مریم نواز کا پنجاب کے سرحدی علاقوں کےرہائیشیوں کیلئے بڑااعلان

لاہور (پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹیں بنانے کا اعلان اور چینی باشندوں کو وی وی آئی پی سکیورٹی دینے کی منظوری دے دی۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ چینی شہری سی پیک پر کام کر رہےہیں، ان کو خدشات ہیں۔ آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد بنائے گئے نیشنل ایکشن پلان کو دنیا نے سراہا۔ پچھلے کچھ برسوں میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہوا۔ ہم نے نیشنل ایکشن پلان کو دوبارہ فعال کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے، اسی وجہ سے اس کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ہمیں ہر قسم کی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ پنجاب کے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹیں بنائی جائیں گی۔

سیاسی فاشزم بھی دہشت گردی کی ایک شکل اختیار کر چکا ہے۔ حساس تنصیبات پر حملے کر کے دنیا میں ملک کی منفی تصویر پیش کی گئی۔ ایک سیاسی جماعت نے حساس تنصیبات پر حملے کر کے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ جو کام کالعدم تحریک طالبان پاکستان نہ کر سکے وہ سیاسی جماعت نے کر دکھایا، دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کریں گے،جنوبی پنجاب میں گینگز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔اپیکس کمیٹی اجلاس میں مریم نواز نے چینی باشندوں کو وی وی آئی پی سکیورٹی دینے کی منظوری دے دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close