اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے تعلق سیاسی ہے ، قتل کرنے کی بات کہاں سے آگئی؟
عمران خان ہمارے سیاسی وجود کو تسلیم نہیں کرتا تو ہم کیوں تسلیم کریں؟ پاکستان جس بھنوراور عدم استحکام میں پھنسا ہوا ہے اس کی بنیاد ہی عمران خان ہے۔ انہوں کہا کہ ہمارا عمران خان یا پی ٹی آئی کے ساتھ ناطہ یاتعلق سیاسی ہے، اس میں قتل کہاں سے آگیا؟معاملہ یہ ہے کہ اگر آج بانی پی ٹی آئی سیاست سے علیحدہ ہوجائے یا وہ اپنی مخصوص سیاسی سوچ کو جس کے تحت وہ کہتا ہے میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، سارے چور ڈاکو ہیں، جس کے تحت وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ بات کرنے کا قائل نہیں ہے، اگر وہ یہ سوچ بدل دے تو معاملہ اسی وقت ختم ہوجاتا ہے۔ معاملہ یہ ہے کہ وہ ہمارے سیاسی وجود کو تسلیم نہیں کرتا تو پھر ہم اس کے سیاسی وجود کو کیوں تسلیم کریں گے؟وہ ہمارے سیاسی وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے تو مجھے کوئی غلط فہمی نہیں کہ میں کہوں کہ وہ ہمیں قتل کرنا چاہتا ہے؟
میں نے سیاسی وجود سے متعلق وضاحت چھ یا آٹھ ماہ پہلے بھی کی تھی، پی ٹی آئی کی سیاست عمران خان کی سوچ کا محور ہے، وہ سوچ یہی ہے کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، پاکستان جس بھنوراور عدم استحکام میں پھنسا ہوا ہے اس کی بنیاد ہی عمران خان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں