شیخ رشید کی کیا چیز مِس کریں گے؟ صحافی کے سوال پر عمران خان کا دلچسپ جواب

راولپنڈی (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کے چھوڑ کر جانے سے متعلق سوال پر دلچسپ جواب دے دیا۔

اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم کے کیسز کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے مطابق آج کی سماعت کے بعد میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کے دوران جب عمران خان سے سوال کیا گیا کہ ’شیخ رشید آپ کو چھوڑ گئے اس پر کیا کہیں گے؟‘ اس کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف کے قائد نے کہا کہ ’شیخ رشید کا شغل مس کریں گے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18 ماہ کے دوران ملک پر ریکارڈ قرضہ چڑھایا گیا، نگران حکومت تصور کو مکمل تباہ کیا گیا، الیکشن کمیشن، ن لیگ اور باقی ادارے ملے ہوئے تھے، ہمیں اب ان پر اعتماد نہیں، آئی ایم ایف سے قرض لینے سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام ضروری ہے،سیاسی استحکام تب ہی ہو گا تب عوام کو اس کا چوری ہونے والا مینڈیٹ واپس کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا سینٹ الیکشن میں پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا آج تک کیس نہیں چل سکا۔

آج الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہوتی تو دھاندلی کا معاملہ ایک گھنٹے میں حل ہو جاتا، پاکستان میں ہونے والے انتخابات کا فوری طور پر آڈٹ کروایا جائے، ہماری اکانومی ڈوب رہی ہے، ملک میں سخت ریفارمز کی ضرورت ہے، ایک قوم بن کر ریفارمز کی ضرورت ہے، جرمنی اور جاپان بھی ایک قوم بنے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے اب وفاق خیبرپختونخوا کے فنڈز جاری نہیں کرے گا، علی امین گنڈاپور کو شہباز شریف کے ساتھ تصویریں اس وقت تک نہیں بنوانی چاہئیں تھیں جب تک خیبرپختونخوا کے فنڈز جاری نہ ہو جاتے، علی امین اور شہباز ملاقات سے کوئی برف نہیں پگھلی، برف اس وقت پگھلے گی جب ہمارے مینڈیٹ پر پڑنے والے ڈاکے کو ریورس کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں