محکمہ موسمیات نے رمضان میں بھی بارشوں کی پیشنگوئی کر دی، آغاز کب ہوگا؟

لاہور (پی این آئی) رمضان کی آمد پر ابر رحمت برسنے کی پیشن گوئی، مارچ کے دوسرے ہفتے میں بارشوں کے ایک نئے سلسلے کا ملک کے کئی شہروں پر اثرانداز ہونے کا امکان۔

 

 

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے یکم رمضان المبارک پر بارش کی پیش گوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 12مارچ کو بارش برسانے والا ایک سسٹم لاہور اور دیگر شہروں میں داخل ہو گا جو 12یا 13مارچ کو شہر کے مختلف علاقوں میں کہی ہلکی اور کہیں تیز بارش برسنے کا باعث بنے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم آنے والے دنوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح 248 فیصد ریکارڈ کی گئی جس سے شہر لاہور ایک مرتبہ پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا ۔

 

 

 

دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان مارچ میں رمضان المبارک کا استقبال کریں گے، یوں رواں سال رمضان المبارک 26 سال کے بعد سردیوں میں آرہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 سے رمضان المبارک سردیوں میں آتا رہے گا تاہم ابتدائی دو سال تک رمضان کا آخری حصہ موسم بہار میں ہوگا۔ ’اس کے بعد 2031 تک رمضان المبارک موسم سرما میں ہوگا اورپھر 8 سال تک یعنی 2039 تک موسم خزاں میں آئے گا۔ جبکہ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کے مطابق اگرچہ رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ کو پیدا ہو گا لیکن اس روز یہ نظر نہیں آئے گا ، چاند کو 11 مارچ کو واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔ پاکستان میں پہلی تراویح 11 مارچ کی رات کو ہو گی کیونکہ 95 فیصد امکان ہے کہ پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close