ملکی معیشت کیلئے بری خبر، زرمبادلہ کے ذخائر میں کتنی کمی ہو گئی؟

لاہور ( پی این آئی) ملک کے زرمبادلہ ذخائر مزید کم ہو گئے، اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ذخائر میں کمی کے باعث ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 13.09 ارب ڈالرز کی سطح تک گر گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آئی ہے اور 16 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے تک اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔بیان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر کم ہو کر 8 ارب ایک کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر سمیت مجموعی زرمبادلہ کی سطح 13.09 ارب ڈالر پر آگئی۔ اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 لاکھ ڈالر کمی سے 5 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں۔دوسری جانب جمعرات کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا، اور انٹربینک میں ڈالر کی قدر 17پیسے کی کمی سے 279روپے 32پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر اگرچہ ڈالر کی قدر 11پیسے کے اضافے سے 279روپے 60پیسے کی سطح پر آگئی تھی لیکن کچھ ہی لمحے بعد ڈالر کی قدر میں تنزلی شروع ہوئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 17پیسے کی کمی سے 279روپے 32پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 28پیسے کی کمی سے 282روپے 16پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں