حکومت سازی کا معاملہ، اسحاق ڈار کا بلاول بھٹو کے بیان پر شدیدردِعمل آگیا

لاہور ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور کوارڈی نیشن کمیٹی کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اکابرین سے درخواست ہے بات چیت کے لیے کمیٹیوں کے درمیان وضع کردہ ضابطے کی پاسداری کریں۔

جس میں طے ہوا تھا کہ دونوں جماعتوں کی تشکیل کردہ کوارڈی نیشن کمیٹیوں کا کوئی رکن یا رہنما بات چیت کے جاری عمل اور اس میں زیرغور نکات پر بیان بازی نہیں کرے گا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ٹھٹھہ میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے اور مختلف تجاویز پر گزشتہ روز تک مشاورت جاری رہی، مشاورت کے چار دور مکمل ہو چکے ہیں اور آج پیر دوپہر پانچویں نشست طے ہو چکی ہے، آج کے اجلاس میں اہم پیشرفت متوقع ہے، مشاورت مکمل ہونے پر دونوں جماعتوں کا باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا، دونوں جماعتوں میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں۔

خیال رہے کہ ٹھٹھہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مجھے 2 سال کیلئے وزیر اعظم بنانے کی پیشکش ہوئی لیکن میں نے منع کردیا، الیکشن نتائج کے مطابق میں خود کو وزیراعظم کیلئے نامزد نہیں کرسکتا تاہم کوئی بھی پیپلزپارٹی کے بغیر حکومت نہیں بنا سکتا، جو ہمارے پاس آیا ہم اس کو ووٹ دیں گے لیکن وزارتیں نہیں لیں گے کیوں کہ ہم صرف عوام کے فائدے کیلئے حکومت میں شامل ہو رہے ہیں، صدارت کیلئے ہمارے امیدوار آصف زرداری ہوں گے اور وہ ملک میں لگی آگ کو بجھا دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close