اقتدار میں آکر کیا کریں گے؟ عمران خان کا اڈیالہ جیل سے اہم پیغام جاری

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف خیبر پختون خوامیں حکومت بنانے کیلئے جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں مصروف ہے تاہم اس دوران پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی محمد خان نے عمران خان سے ہونے والی ملاقات کا تفصیلی احوال بیان کرتے ہوئے سب کو چونکا دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق نو منتخب رکن قومی اسمبلی علی محمد خان ، لطیف کھوسہ اور عامر ڈوگر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے گزشتہ روز ملاقات کی جس کے بعد تینوں رہنما میڈیا سے بات کیئے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے لیکن بعدازاں علی محمد خان نے ٹویٹر پر بیان جاری کیا جس میں عمران خان کا پیغام بھی درج تھا۔

پیغام: عمران خان نے دوران ملاقات نیلسن منڈیلا کے ٹرتھ اینڈ ری کنسلیشن کمیشن کا حوالہ دیا اور کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے سچ ، معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا۔ تحریک انصاف اقتدار میں آکر فتح مکہ کے ماڈل پر جائے گی ، سیاسی انتقام نہیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی کی خاطر ملک و قوم کو آگے لے کر جائیں گے ۔”عمران خان سے ملاقات میں سردار لطیف کھوسہ صاحب اور محمد عامر ڈوگر صاحب بھی موجود تھے۔ ماشاءاللٰہ صحت اچھی تھی اور ہشاش بشاش لگ رہے تھے۔ تقریبًا آدھا گھنٹہ ملاقات رہی۔ اپنے لیڈر سے اتنے عرصہ بعد ملا بہت اچھا لگا۔ مردان کی تاریخی جیت کا سن کر بہت خوش ہوئے۔

اڈیالہ میں میرے جیل کے دنوں کے احوال کا بھی ان کو پتہ تھا اور خوش تھے کہ آپ نے جوانمردی سے جیل کاٹی۔ پوچھا اسیری کے کتنے دن تھے ،ان کو بتایا 78 دن تھے۔ ڈوگر صاحب سے بھی ان کے جیل کے دنوں کا پوچھا۔ ان کی ملتان کی جیت پر بھی بہت خوش تھے۔ سردار لطیف کھوسہ نے خان صاحب کو کہا کہ ان کی لاہور کی جیتی ہوئی سیٹ خان صاحب کی امانت ہے جس پر خان صاحب نے کہا کہ نہیں وہ میانوالی والی سیٹ پہ آئیں گے انشاءاللہ۔

علی محمد خان کا کہناتھا کہ میں اپنے لیڈر کی قدر شناسی کا دل سے شکر گزار ہوں، قوم کے لیڈر سے قوم کے مسائل پہ تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بہت سی ضروری ہدایات دی ہیں جن سے متعلق بعد میں آپ کو آگاہ کریں گے۔ خان صاحب نے نیلسن منڈیلا کے ٹرتھ اینڈ ری کنسلیشن Truth & Recilliation Commission کا بھی حوالہ دیا کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے سچ ، معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا۔ تحریک انصاف اقتدار میں آکر انتقام نہیں سیاسی استحکام و ترقی کی طرف پاکستان کو لے کر جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں