تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے قومی وطن پارٹی کے رہنما کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین کی ہدایت پر فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ نتائج تبدیل نہ کیے جاتے تو مرکز میں ایک سو اسی سیٹوں کے ساتھ حکومت بناتے ۔ فارم پینتالیس کے مطابق ہمارے امیدوار جیتے مگر فارم سینتالیس میں نتائج تبدیل کر دیے گئے ۔بڑے پیمانے پر جن کا حق بنتا ہے انکے نتائج تبدیل کئے گئے، آئندہ نسلوں کو ان حالات کے نتائج بھگتنا پڑتے ہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے ہیں ،دھاندلی کے خلاف احتجاج کریں گے۔جماعت اسلامی، جے یو آئی اور محمود خان اچکزئی نے بھی احتجاج کیا ہے جبکہ آفتاب شیر پاؤ نے ہماری بات سنی ہے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے سربراہ سکندر حیات خان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی الیکشن کے نتائج پر شدید تحفظات ہیں، پی ٹی آئی کی پیشکش پر پارٹی سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں