تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کونسی سیاسی جماعت خریدنے کیلئے رابطہ کرلیا؟ تہلکہ خیز دعویٰ

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے ان کی جماعت خریدنے کی بات کی تھی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل تحریک انصاف کے لوگ میرے پاس آئے اور بلے باز کا نشان مانگا، اس مرتبہ ان لوگوں نے کہا کہ ہم بحیثیت فاتح پارٹی آپ کو جوائن کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مجھے کہا ہم آپ کو جوائن کرتے ہیں آپ دبئی چلے جائیں، ان لوگوں نے مجھے کہا کہ آپ یہ پارٹی مجھے بیچ دیں۔اختر اقبال ڈار نے کہا کہ یہ لوگ ٹکٹیں بیچتے رہے اور ووٹ خریدتے رہے یہ کیسے شفافیت لائیں گے، یہ لوگ علی امین گنڈا پور، میاں اسلم اقبال اور پرویز الہیٰ کو آگے لائے۔

مجھے دوستوں نے کہا آپ اس پارٹی کے چیئرمین بن جائیں، میں اپنی شفافیت کی لائن پر کھڑا ہوں، بانی پی ٹی آئی نے شفافیت کا جنازہ نکال دیا، یہ وزیراعظم کی کرسی کیلئے زرداری اور فضل الرحمان سے بات کر رہے ہیں۔اگر یہی سب کچھ کرنا تھا تو نظریاتی لوگوں کو کیوں خراب کیا، تحریک انصاف نظریاتی ملک سے پیسے کی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close