پی ٹی آئی نے عوام سےبڑی اپیل کر دی

اسلام آباد ( پی این آئی) ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کے باعث پاکستان تحریک انصاف نے شہریوں سے گھروں کے وائی فائی انٹرنیٹ کے پاسورڈ ہٹانے کی اپیل کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستانیوں، ناجائز، فاشسٹ حکومت نے پولنگ کے دن پورے پاکستان میں موبائل فون سروس بند کر دی ہے، آپ سب سے گزارش ہے کہ اپنے ذاتی وائی فائی اکاؤنٹس سے پاس ورڈز ہٹا کر اس بزدلانہ حرکت کا مقابلہ کریں تاکہ اس انتہائی اہم دن پر آس پاس کا کوئی بھی شخص انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر سکے۔

اسی حوالے سے اسلام آباد کے حلقہ این اے 47 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس بند کرکے دھاندلی کا آغاز کردیا گیا، ملک میں قانون کی بالادستی نہیں رہی، عام انتخابات کیلئے پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ سروس کی معطلی پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں کیوں کہ ملک بھر میں موبائل فون بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے، امیدواروں کا پولنگ ایجنٹس اور انتخابی مشینری سے رابطہ منقطع کرنا زیادتی ہے، دھونس اور دھاندلی والے الیکشن قبول نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن ملک بھر میں صاف و شفاف انتخابات کیلئے اپنا کردار اداکرے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش کا فوری نوٹس لے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں