پاک بحریہ نےانسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کردی

کراچی (پی این آئی) پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئےبحیرہ عرب میں پھنسے 9 بھارتی شہریوں کی جان بچالی۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کو سمندر میں پھنسی SAS-5 نامی کشتی کی ہنگامی کال موصول ہوئی۔ کشتی میں فنی خرابی کے باعث انجن مکمل طور پر بند ہو گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق کشتی میں 9 بھارتی شہری گزشتہ 24 گھنٹوں سے بے یارو مددگارسمندر میں پھنسے تھے۔ اطلاع ملنے پر پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کشتی کی سرچ اینڈ ریسکیو کیلئے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ اور پی ایم ایس ایس کشمیر کو مامور کیا۔پی ایم ایس ایس کشمیر نے مصیبت زدہ کشتی کو تلاش کرکے تکنیکی مسئلہ دور کیا اور عملہ کو طبی امداد فراہم کی۔

فنی خرابی دور ہونے کے بعد کشتی اپنی منزل کی جانب گامزن ہوگئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مصیبت زدہ کشتی چار فروری کو بھارتی بندرگاہ دابھول سے شارجہ کیلئے روانہ ہوئی تھی۔پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو کشتی کے عملے نے سراہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close