برطانیہ کے کنگ چارلس کو کینسر کی تشخیص

لندن(پی این آئی)بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے کنگ چارلس کو کینسر کی ایک قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔

سعودی ویب سائٹ اردو نیوز کے مطابق بکنگھم پیلس کے بیان میں کینسر کی قسم کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے لیکن محل کے ایک بیان کے مطابق کنگ چارلس نے پیر کو ’باقاعدہ علاج‘ شروع کروایا تھا۔بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ کنگ چارلس ’اپنے علاج کے بارے میں مکمل طور پر مثبت ہیں اور جلد از جلد اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے واپس آنے کے منتظر ہیں۔‘بیان کے مطابق وہ اپنی عوامی مصروفیات کو ملتوی کر دیں گے اور یہ توقع کی جاتی ہے کہ شاہی خاندان کے دیگر افراد ان کے علاج کے دوران ان کی جگہ سنبھالیں گے۔کینسر کی سٹیج یا تشخیص کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر نہیں کی جارہی ہیں۔اگرچہ وہ اپنی عوامی تقریبات کو روک دیں گے، لیکن 75 سالہ بادشاہ ریاست کے سربراہ کے طور پر اپنے آئینی کردار کو جاری رکھیں گے۔

انہیں اتوار کو سینڈرنگھم میں چرچ کی ایک سروس میں دیکھا گیا، جہاں انہوں نے ہجوم کو دیکھ کر ہاتھ لہرایا۔ایک ہفتہ سے بھی زیادہ عرصہ قبل لندن کے ایک نجی ہسپتال میں ان کا پروسٹیٹ کا پروسیجر ہوا تھا۔محل نے اس وقت کہا تھا کہ بادشاہ نے اپنے پروسٹیٹ کے علاج کے بارے میں عوامی سطح پر بتانے کا انتخاب کیا تھا، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ مردوں کو پروسٹیٹ چیک کروانے کی ترغیب دینا تھا۔کہا جاتا ہے کہ وہ اس مسئلے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر خوش ہیں، این ایچ ایس کی ویب سائٹ نے پروسٹیٹ کے مرض میں اضافہ رپورٹ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close