ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوٹس لے لیا

لاہور (پی این آئی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور میں ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کا نوٹس لے لیا۔

 

 

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر این اے 127 لاہور میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عطا اللہ تارڑ اور پیپلز پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار میاں مصباح الرحمان کو نوٹس جاری کردیئے، ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشنر پنجاب کے احکامات پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرکارروائی کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ اور میاں مصباح الرحمان کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، دونوں کو ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت اور پارٹی دفتر پر حملے کے تناظر میں نوٹس جاری کیے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے دونوں امیدواران کو 5 فروری کو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ طلب کرلیا۔

 

 

 

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعدد امیدواروں کو وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے، ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے صوبہ پنجاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے واقعات کا نوٹس لے کر متعدد امیدواروں کو وارننگ نوٹسز جاری کیے۔ ترجمان ای سی پی کا کہنا ہے کہ این اے 155 لودھراں سے امیدوار جہانگیر ترین کو حلقے میں ترقیاتی کام کروانے پر نوٹس جاری کیا گیا، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اوکاڑہ نے پی پی 188 سے امیدوار ملک غضنفر کو اسلحے کی نمائش پر نوٹس جاری کیا، اسی طرح پی پی 208 خانیوال سے امیدوار محمد طیب کو خلاف ضابطہ تشہیری مواد پر وارننگ جاری کی گئی، خانیوال کے مختلف حلقوں کے 4 امیدواروں کوبھی نوٹسز جاری کیے گئے۔

 

 

ترجمان نے مزید بتایا کہ پی پی 232وہاڑی کے امیدوار علی وقاص ہنجرا، این اے 160بہاولنگر کے سید محمد اصغر، پی پی 238کے انعام باری لالیکا سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے جب کہ بہاولپور کے مختلف حلقوں کے 9 امیدواروں کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں