اسلام آباد (پی این آئی) توشہ خانہ کیس کا فیصلہ احتساب عدالت اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے کم ترین دورانیے میں ہونے والا فیصلہ بن گیا، فرد جرم عائد ہونے کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ میں کیس کا فیصلہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس میں کم ترین دورانیے میں فیصلہ سنانے کا ریکارڈ بن گیا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق توشہ خانہ کیس کا فیصلہ احتساب عدالت اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے کم ترین دورانیے میں ہونے والا فیصلہ بن گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد ہونے کے 22 دن بعد فیصلہ سنا دیا گیا، 19 دسمبر 2023 کواحتساب عدالت میں نیب نے ریفرنس دائر کیا جبکہ 9 جنوری کو فرد جرم عائد ہوئی آج 22 روز بعد فیصلہ سنا دیا گیا۔ریفرنس دائر ہونے کے مجموعی طور پر ایک ماہ 12 دن بعد جج محمد بشیر فیصلہ سنایا اس اعتبار سے احتساب عدالت اسلام آباد کی تاریخ کے سب سے کم وقت میں ٹرائل مکمل ہوا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سزائیں سنادیں، پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14، 14 سال قید کی سزا سنادی گئی جب کہ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو 10 سال کے لیے کسی عوامی عہدے کیلئے نا اہل بھی قرار دے دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں