طویل خشک سردی کا خاتمہ، مزید بارشوں کی پیشنگوئی

لاہور(پی این آئی) لاہور میں طویل خشک سردی کا خاتمہ، موسم سرما کی پہلی بارش برس پڑی ، صوبائی دارالحکومت میں مزید بارشوں اور پنجاب کے سب سے مشہور سیاحتی مقام پر برفباری ہونے کی پیشن گوئی۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی شام کو صوبائی دار الحکومت لاہور میں مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔شہر میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ شہر میں مزید بارشوں کی بھی پیشن گوئی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ پنجاب کے سب سے مشہور سیاحتی مقام مری میں برفباری کی بھی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملکہ کوہسار مری میں منگل کی رات اور بدھ کے روز بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ درمیانی سے تیز بارش اور اس دوران برفباری کا امکان ہے۔کم سے کم درجہ حرارت 00سے02اور زیادہ سے زیادہ 07 سے09ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔برفباری کے امکان کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ تلقین کی گئی ہے کہ سیاح مری آنے سے پہلے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے موسمیاتی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔

برف باری والی جگہوں پر ٹائر چین لازمی استعمال کریں۔سیاح ٹریفک کی روانی کے لیے ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے مری میں 13 مقامات پر سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔سیاح ایمرجنسی کی صورت میں ایمرجنسی سروس 1122 پر رابطہ کریں۔سیاح ٹورازم کی ہیلپ لائن 1421 یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 31 جنوری سے 4 فروری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے چار فروری تک برقرار رہے گا ، 31 جنوری سے چار فروری تک چترال دیر سوات ایبٹ اباد، ہری پور کوہاٹ اور بنوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، دو، تین فروری کو موسلادھار بارشوں کے باعث بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،اسلام آباد خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے،مری گلیات میں وقفے وقفے سے درمیانہ سے تیز بارش اور برفباری متوقع ہے،31جنوری سے چار فروری کے دوران اسلام آباد ، راولپنڈی ، خطہ پوٹھوار کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقے گوجرانولہ ، حافظ آباد ، فیصل آباد ، جھنگ میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے،2سے تین فروری کے دوران سکھر ، لاڑکانہ ، کراچی ، جیکب آباد ، اور کشمور میں ہلکی بارش کا امکان ہے،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرالود رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close