عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس بند کر نے کا مطالبہ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی کے خلاف بے بنیاد سائفر کیس کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ سائفر مقدمہ ہر لحاظ سے من گھڑٹ بے بنیاد ہے، آرٹیکل 10اے کے تحت غیرآئینی ٹرائل کی حقیقت قوم پر عیاں ہوچکی ،غیرآئینی ٹرائل کی کاروائی ختم کیا جائے اورانہیں فوری رہا کیا جائے۔ایکس پر جاری ترجمان پی ٹی آئی کے اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بے بنیاد سائفر کیس کے غیرمنصفانہ ٹرائل کے ذریعے نشانہ انتقام بنانے کے مذموم سلسلے کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سائفر مقدمہ ہر لحاظ سے من گھڑٹ بے بنیاد اور بانی چیئرمین عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا ایک قابل مذمت وسیلہ ہے۔سائفر کیس میں عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو آرٹیکل 10اے کے تحت مسلسل غیرمنصفانہ اور غیرآئینی ٹرائل کا نشانہ بنائے جانے کی حقیقت قوم پر عیاں ہوچکی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے مزیدکہا کہ سائفر کیس کو عدالت کی جانب سے دو دفعہ کالعدم قرار دیا جانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس مقدمے اور ٹرائل کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی۔سائفر کے جعلی اور من گھڑت مقدمے کے تمام حقائق انٹرنیشنل میڈیا کی جانب سے بھی سامنے لائے جاچکے ہیں، عدالتی فیصلوں کے باوجود سائفر کیس کی غیرمنصفانہ کاروائی کو جاری رکھنا عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف منفی کی عزائم کی عکاسی ہے۔ توشہ خانہ کی طرز پر ایک اور جھوٹے مقدمے میں کی جانے والی معتصبانہ عدالتی کاروائی کے ذریعے سنائی جانے والی سزا کی حیثیت ننگے انتقام سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ ایک مضحکہ خیز مقدمے میں آئین اور انصاف کا قتل کرتے ہوئے کسی بھی سزا کو قوم قبول نہیں کرے گی۔ غیرآئینی ٹرائل کی صورت میں کی جانے والی سائفر کیس کی کاروائی کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور عمران خان، شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں