سینئر پی ٹی آئی رہنما کے والد کو گرفتار کر لیا گیا

لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر کے والد پی ٹی آئی امیدوار سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کو گرفتار کرلیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سابق گورنر پنجاب اور سینئر سیاستدان میاں اظہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ میرے 82 سالہ والد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، وہ اپنے جمہوری اور آئینی حق کے مطابق ریلی کی قیادت کرنا چاہتے تھے لیکن پاکستان آج ایک مکمل فاشسٹ ریاست بن چکا ہے، جس میں انسانی حقوق یا قانون کی حکمرانی صفر ہے، نواز شریف اور ان کی بیٹی ملک کو برباد کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں اور کارکنوں کو انتخابی مہم کے لیے آج سے سڑکوں پر نکلنے کی ہدایت کی ہے، پی ٹی آئی نے پارٹی کے حامیوں، کارکنوں اور ٹکٹ ہولڈرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے لیے ہر حلقے میں عوامی اجتماعات منعقد کریں، اس حوالے سے اپنے پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک بھر میں پاور شو منعقد کرنے کی ہدایات بانی چیئرمین عمران خان کی طرف سے آئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں