گندم کی پیداوار کم ہونے کا خدشہ، انتہائی تشویشناک خبر آگئی

لاہور ( پی این آئی)بارشیں نہ ہونے سے گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا بارانی علاقوں میں بارش نہ ہونے سے ملک بھر میں گندم کی فصل پر منفی اثرات پڑنے کا خدشہ، پیداوار کم رہنے سے مستقبل میں گندم امپورٹ کرنا پڑے گی.

تفصیلات کے مطابق ملک کے بارانی علاقے جہاں فصلوں کی پانی کی ضرورت پورا کرنے کیلئے بارشوں پر انحصار ہوتا ہے، ان علاقوں میں بارشیں نہ ہونے سے رواں سیزن گندم کی فصل پر منفی اثرات پڑنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 2 ماہ سے بارش نہ ہونے سے روالپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال کے علاقوں میں گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 ماہ سے خطہ پوٹھوار میں بارش نہ ہونے سے گندم کی فصل کو نقصان ہو سکتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کے ایک تہائی حصہ کی گندم بارانی علاقوں میں کاشت ہوتی ہے، ان علاقوں میں نہری نظام نہ ہونے کی وجہ سے فصلوں کیلئے خاص کر گندم کی فصل کیلئے بارش کے پانی کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔

تاہم 2 ماہ سے بارانی علاقوں میں بارش نہ ہونے سے ملک بھر میں گندم کی فصل پر منفی اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر ملک بھر میں گندم کی پیداوار کا ٹارگٹ پورا نہ ہوا تو مستقبل میں گندم درآمد کرنا پڑے گی۔ یعنی زرمبادلہ کی کمی کے شکار پاکستان کو گندم کی امپورٹ پر کثیر زرمبادلہ خرچ کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ رواں موسم سرما کے دوران خشک سالی کا عرصہ طویل ہو جانے کے بعد اب بارشوں کا امکان پیدا ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close