بلاول بھٹو کے حق میں دستبردار ہونیوالے پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو زور کا جھٹکا لگ گیا

اسلا م آباد ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، سیف اللہ ابڑو کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، سیف اللہ ابڑو نے این اے 194سے دستبردار ہوکر بلاول بھٹو کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ایکس پر جاری نوٹس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو مخاطب کیاگیا کہ آپ کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو پارٹی لیڈرشپ کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیاجاتا ہے، آپ این اے 194کی نشست پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی حمایت میں الیکشن لڑنے سے دستبردار ہوگئے ہیں ، جبکہ آپ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے، اب پی ٹی آئی نے آپ کو عام انتخابات 2024میں حصہ لینے کیلئے ٹکٹ جاری کیا، لیکن آپ الیکشن لڑنے سے دستبردار ہوگئے، جو کہ پارٹی قواعدوضوابط کی خلاف ورزی ہے۔آپ کو تین دنوں میں تحریری جواب دینے کیلئے نوٹس جاری کیا گیا ہے، تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں آپ کے خلاف پارٹی پالیسی کے مطابق مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یاد رہے پی ٹی آئی سینیٹر اور امیدوارقومی اسمبلی 194سیف اللہ ابڑو پیپلزپارٹی کے حق میں الیکشن مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بلاول ہاؤس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو سے ملاقات ہوئی۔سیف اللہ ابڑو نے این اے 194 کے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔دونوں میں اتفاق ہوا کہ ساتھ مل کر شیر کا راستہ روکیں گے۔ بلاول بھٹوکی طرف سے حمایت پرشکریہ اداکیاگیا ۔ ادھر پی بی 32 سے آزاد امیدوار نواب غلام دستگیر محمد حسنی نواب پینل نے پی بی 32 سے چیئرمین سینٹ صادق خان سنجرانی کے حق میں اپنا امیدوار دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں