چوہدری نثار کیساتھ دوستی کتنی پُرانی ہے؟ تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے دعوت دی یا نہیں؟ عمران خان نے لب کشائی کردی

راولپنڈی(پی این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے کہ چودھری نثار میرا 50 سال پرانا دوست ہے۔

چودھری نثار کو اپریل 2018 میں پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی تھی،لیکن چودھری نثار پھرچودھری نثار ہے۔بانی پی ٹی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے امیدوار آئندہ اتوار سے پرامن انتخابی مہم کیلئے باہر نکلیں،جو امیدوار انتخابی مہم کیلئے باہر نہ نکلے ان کے ٹکٹ تبدیل کر دیئے جائیں گے۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کیسز میں عبوری ضمانتیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرنے کے خلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ضمانتیں بحال کردیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان توشہ خانہ میں گرفتاری سے قبل عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں اور کسی تاریخ پر بھی عدالت سے غیر حاضر نہیں رہے ، جب انہیں گرفتار کیا گیا تو ان کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کر دی گئیں ، اس حوالے سے قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے بیرسٹر سلمان صفدر کے اس نقطے سے اختلاف کیا اور کہا کہ عمران خان سزایافتہ ہیں اور اس لیے ان کی عبوری ضمانتیں گرفتاری کے بعد خارج ہوئیں، سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے انہیں یہ ریلیف نہیں مل سکتا،پراسیکیوٹر نے یہ بھی کہا کہ سلمان صفدر نے جتنے بھی ماضی کے حوالے دیئے ان میں درخواستگزار سزا یافتہ نہیں تھے ، اس موقع پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کیشور بھی عدالت میں پیش ہوئے ، تو عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد ازاں سناتے ہوئے عبوری ضمانتیں بحال کر دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں