نوازشریف یا عمران خان؟ کس کی کارکردگی بہتر ین اور الیکشن کون جیتے گا؟

لاہور(پی این آئی)نوازشریف یا عمران خان؟ کس کی کارکردگی بہتر ین اور الیکشن کون جیتے گا؟بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘ بلوم برگ ‘ نے پاکستان پر معاشی تجزیاتی رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں نوازشریف کے دورحکومت میں معاشی کارکردگی کو دیگر سیاسی مخالفین کےادوار کے مقابلے میں بہتر قرار دیا گیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق بلوم برگ کی جانب سے جاری معاشی تجزیاتی رپور ٹ میں مزری انڈیکس میں مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاشی مشکلات کو دیکھ کر کسی حکومت کی معاشی کارکردگی کا تجزیہ اور موازنہ کیاجاتا ہے۔

بلوم برگ کی جانب سے جاری معاشی تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران نوازشریف نے بہترین انداز میں معیشت سنبھالی، سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نوازشریف نے بہترین معاشی کارکردگی دکھائی، نوازشریف نے معاشی مشکلات میں پی ٹی آئی اور پی پی پی سےبہترکارکردگی دکھائی۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اب بھی مقبول سیاستدان ہیں لیکن جیل میں ہیں، نوازشریف 8 فروری کو اقتدار کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق حالیہ سروے میں بانی پی ٹی آئی57 فیصد اور نوازشریف مقبولیت میں 52 فیصد پر ہیں جب کہ گزشتہ 6 ماہ میں نوازشریف کی مقبولیت میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔بلوم برگ اکنامکس رپورٹ میں شامل مانوک شکلہ نے اپنے تجزیے میں کہا ہےکہ عوام نوازشریف کو شک کا فائدہ دے رہے ہیں تاہم انتخابات جیتنے والی کسی جماعت کیلئے آگے کا سفر آسان نہیں ہوگا۔

مانوک شکلہ نے اپنے تجزیے میں مزید کہا کہ مہنگائی ریکارڈ بلندی پر ہے، بیروزگاری بڑھ چکی ہے، مہنگائی 30 فیصد کےقریب ہے، گزشتہ برس فارن ایکسچینج ریزروز انتہائی بری حالت میں تھے، پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج پر انحصار کررہا ہے، ایسے میں آنے والی حکومت کو عوام میں غیرمقبول پالیسیوں کو اختیار کرنا پڑ سکتا ہے، سبسڈیز کا خاتمہ اور ٹیکسوں میں اضافہ کرنا پڑ سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close