میں دوستی نبھائوں گا، شیخ رشید کیخلاف پی ٹی آئی کے امیدوار کھڑے کرنے کے بعد شیخ رشید کاردِعمل بھی آگیا

راولپنڈی (پی این آئی) کیا بانی تحریک انصاف نے شیخ رشید سے نظریں بدل لیں، یہ حقیقت ہو یا نہ ہو مگر شیخ رشید نے کھری کھری سنا دیں۔

شیخ رشید نے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سیاسی زندگی میں بہت تکلیفیں اٹھائیں مگر پچھلے 7 ماہ میں اٹھائی بڑی تکلیفوں کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ میں نے ایسے علاقوں میں 40، 40 دن کا چلہ کاٹا ، جیل کاٹی اور ایسی غاروں میں رہا تاکہ ایک شخص کے خلاف بیان جاری کروں ، اس کی فیملی اور اہلیہ کے خلاف بیان جاری کروں اور 164 کا بیان دوں ۔ میرا گھر توڑا گیا، بچیوں، بہنوں اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ زیادتی ہوئی مگر میں ڈٹا رہا۔ میں نسلی تھا، اصلی تھا میرے خون پر شک نہیں تھا، میں آج بھی ڈٹا ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دکھ اس بات کا ہے کہ میں 17 مرتبہ وزیر رہا مگر بعض لوگوں نے ٹکٹ دینے کے قابل ہی نہیں سمجھا۔ ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا گیا جو رات کی فلائٹ سے لندن اور امریکہ سے آئے۔

جن لوگوں نے ٹکٹ دیا ان کا کیس میں اللہ تعالیٰ کے سپرد کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی دوستی نبھاؤں گا، اصولی آدمی ہوں، جھکا نہیں، امتحان میں پاس ہوا، سچ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا۔واضح رہے کہ شیخ رشید اپنے مقابلے میں پی ٹی آئی امیدواران کو ٹکٹ ملنے پر ناراض ہیں، کہا جا رہا ہے کہ بانی تحریک انصاف نے شیخ رشید کیساتھ نظریں بدل لیں اور سیاسی یا انتخابی سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے انکار کر دیا، اس طرح شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کی سیٹیں خطرے میں پڑ گئیں جبکہ ان کے مخالف (ن) لیگ کے امیدوار دانیال چوہدری کی کامیابی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close