سابق وفاقی وزیرفیصل صالح حیات مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے

جھنگ(پی این آئی )سابق وزیر داخلہ مخدوم فیصل صالح حیات نئی سیاسی منزل طے کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف شاہ جیونہ جھنگ پہنچ گئے۔مخدوم سید فیصل صالح حیات نے استقبال کیا۔صدر پنجاب رانا ثناءاللّٰہ اور ملک احمد خان بھی صدر شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ فیصل صالح حیات کاخلوص دل سے ن لیگ میں خیر مقدم کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت میںآکر عوام کی خدمت کریں گے ،

واضح رہے کہ مخدوم فیصل حیات ایک طویل عرصہ تک پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ رہے۔ ان کا شمار سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ فیصل صالح حیات نے جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ فیصل صالح حیات طویل عرصہ تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔
فیصل صالح حیات 2017ء میں دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے تھے، انہوں نے 2018 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر جھنگ سے الیکشن بھی لڑا تھا تاہم انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے فیصل صالح حیات کے بعد سابق وفاقی وزیرسلیم سیف اللہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں