فواد چودھری کے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے بھائی فراز چودھری کو پولیس نے گرفتارکرلیا، وہ این اے 60 کے لیے غذات نامزدگی جمع کروانے آئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 20 دسمبر کو سابق وزیراطلاعات فواد چودھری کو الیکشن کے کاغذت نامزدگی پر دستخط کی اجازت دی تھی۔
فواد چودھری نے الیکشن کے دیگر امور کیلئے اپنے بھائی فراز چودھری کے نام پاور آف اٹارنی پر بھی دستخط کردیے تھے۔ تاہم آج فراز چودھری کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

فراز چودھری اپنے بھائی فواد چودھری کے این اے 60 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے آئے تھے، لیکن پولیس نے انہیں پہلے ہی گرفتار کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ فواد چودھری نے کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا تھا جہلم کی دونوں سیٹوں سے الیکشن لڑوں گا، اگر نہ لڑ سکا تو گھر کے بڑے چودھری شہباز فیصلہ کریں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کو اپنی جگہ نامزد نہیں کیا، میری اہلیہ حباء اور بھائی فیصل صرف میری کمپین چلائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں