نواز شریف لاہور میں کس حلقے سے الیکشن لڑیں گے؟ حلقے کا نیا نمبر کیا ہے؟

لاہور( آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف عام انتخابات میں اپنے آبائی اور روایتی حلقے سے بھی الیکشن لڑیں گے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے مطابق نواز شریف کے آبائی حلقے کا نمبر این اے 130بنتا ہے۔نواز شریف نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز اسی حلقے سے کیا تھا اراس وقت اس حلقے کا نمبر این اے 95ہوتا تھا۔

بعد میں اس حلقے کا نمبر این اے 120اور پھر 2018میں این اے 125ہو گیا تھا۔نواز شریف کی پانامہ کیس میں نااہلی کے بعد محترمہ کلثوم نواز نے 2017میں اسی حلقہ این اے 125سے کامیابی حاصل کی تھی۔چیف آرگنائزر مریم نواز نے 2013میں اسی حلقہ سے اپنے والد نواز شریف کی بھرپور اور کامیاب انتخابی مہم چلائی، مریم نواز نے اسی حلقے سے 2017میں اپنی والدہ محترمہ کلثوم نواز کی کامیاب انتخابی مہم چلائی،محترمہ کلثوم نواز اپنی علالت کے باعث کامیابی کے بعد بطور رکن قومی اسمبلی حلف نہیں اٹھا سکی تھیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق محترمہ کلثوم نواز کی وجہ سے بھی نواز شریف کی اس حلقے سے جذباتی وابستگی ہے۔اس حلقے میں اسلامپورہ، مزنگ، آئوٹ فال روڈ، موہنی روڈ اور بلال گنج وغیرہ کے علاقے شامل ہیں اوریہ حلقہ روز اول سے مسلم لیگ (ن)کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حلقے کے نیچے ایک صوبائی نشست پر بلال یاسین انتخابات میں حصہ لیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں