اسلام آباد(آئی این پی)رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران حکومت کو 4 ارب 28 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی جو بجٹ میں مقرر کردہ ہدف کا 24 فیصد ہے۔ رواں مالی سال کے دوران 17 ارب 61 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ ہدف تھا۔اقتصای امور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جولائی تا نومبر حاصل ہونے والے بیرونی قرضوں میں سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر کے ٹائم ڈپازٹس جمع کرائے۔
اس کے علاوہ ادھار تیل کی مد میں بھی سعودی عرب نے 50 کروڑ ڈالر کی سہولت فراہم کی۔نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں بیرون ملک سے 40 کروڑ 74 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سمیت عالمی مالیاتی اداروں سے 78 کروڑ 66 لاکھ ڈالر ملے۔ رواں مالی سال کے دوران عالمی مالیاتی اداروں سے رواں مالی سال 5 ارب 33 کروڑ ڈالر ملنے کا تخمینہ ہے۔چین، فرانس، جاپان اور امریکہ سمیت دیگر ملکوں نے 8 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں