8فروری کے انتخاب کی تیاری کریں، عمران خان کا کارکنان کیلئے پیغام جاری

اسلام آباد (پی این آئی) بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ووٹ ہمارا قانونی اور جمہوری حق ہے، کارکنان 8 فروری کے انتخاب کی تیاری کریں، عوام کسی کو اپنے ووٹ کے حق پر ڈاکہ نہ ڈالنے دیں، پاکستان کو تباہی ولاقانونیت کے اندھیروں میں دھکیلنے والےعوام کو شکست نہیں دے سکتے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ ایکس پر جاری کیا۔جس میں کہا گیا کہ کورکمیٹی کے توسط سے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کارکنان اور عوام کے نام پیغام جاری کیا ہے۔ بانی چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ووٹ ہمارا بنیادی دستوری، قانونی اور جمہوری حق ہے، کارکنان اور عوام 8 فروری کے انتخاب کی تیاری کریں، عوام کسی کو اپنے ووٹ کے بنیادی حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ دیں اور اپنے ووٹ کو محفوظ طریقے سے فیصلے میں ڈھالنے کا اہتمام کریں، انتخابات میں التواء یا ان کی شفافیت پر کسی قسم کا حملہ ملک کے مفاد میں نہیں، کارکنان اور عوام مل کر ایسے حملوں کی راہ روکنے کی منصوبہ بندی کریں۔پاکستان کو تباہی و لاقانونیت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے باہم مل کر بھی انتخاب میں تحریک انصاف اور اس کی پشت پر کھڑے عوام کو شکست نہیں دے سکتے۔ مزید برآں پاکستان کی کورکمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ”بلّے“ کے انتخابی نشان کے فوری اجراء کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔

کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ صاف، شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کے بعد لیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے نشان سے محروم رکھنے کا کوئی آئینی و قانونی جواز نہیں، ”بلّے“ کا نشان روک کر انعقاد سے پہلے انتخابات کی شفافیت کا جنازہ نکالنے کی بجائے الیکشن کمیشن کروڑوں ووٹرز کی سیاسی شناخت یعنی ”بلّے“ کا انتخابی نشان جاری کرے، پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کی جانب سے ملکی تاریخ کے پہلے اور تاریخی ”ورچوئل جلسے“ کے کامیاب انعقاد پر مسرّت و اطمینان کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں