دو چینی کمپنیاں پاکستان میں الیکٹرک کاریں تیار کرنے کے کارخانے لگائیں گی

کراچی(آئی این پی)نگراں وزیرِ تجارت گوہر اعجاز کی قیادت میں ایڈوائزری کونسل کے 20 بڑے ایکسپورٹرز چین کا دورہ مکمل کرکے پاکستان پہنچ گئے۔وفد میں شامل فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے سابق صدراورایڈوائزری کونسل کے رکن زبیرطفیل نے کراچی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دورہ چین بے حد کامیاب رہا اور چین پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے اور بالخصوص آٹو،منرل، زرعی سیکٹر میں چائنا سرمایہ کاری کی تیاری کررہا ہے جبکہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا

اس کے علاوہ چین کی ٹیکنالوجی پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں منتقل کی جائے گی۔زبیرطفیل نے بتایا کہ نگراں وزیرِ تجارت گوہر اعجاز کی سربراہی میں پاکستانی وفد کے چین کے دورے سے پاکستان اور چائنا کے درمیان تجارتی روابط میں تیزی آئے گی اور سرمایہ کاری پاکستان کا رخ کررہی ہے، پاکستانی ایکسپورٹرز کے لیے مارکیٹس اور پارٹنر ڈھونڈنے میں نگراں وزیر تجارت بے حد کامیاب رہے ہیں جبکہ ان کا چائنا کا دورہ ’وڑن پاکستان100 بلین ڈالرز‘ کا ایک حصہ بھی تھا۔ زبیرطفیل نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان کو سی پیک کا منفرد تحفہ دیا ہے، دونوں ممالک کے کاروباری افراد کو ایک ساتھ بٹھایا ہے، چینی صدر شی جن پنگ کے بی آر آئی وڑن کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور اسی تناظر میں چینی صنعت کار پاکستان سے تجارت بڑھائیں گے اور اسی مقاصد کیلئے پاکستانی وفد اور چینی صنعت کاروں کے درمیان بزنس ٹو بزنس میٹنگز کا انعقاد کیا گیاجو بے حد کامیاب رہیں۔زبیرطفیل نے بتایا کہ چین کا آٹو موبائل سیکٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کر ے گا جس کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،

دوچینی کمپنیاں پاکستان میں الیکٹرک کاریں تیار کرنے کی فیکٹریاں لگائیں گی اورچین کی الیکٹرک وہیکلز کمپنیاں پاکستان میں جوائنٹ وینچرز شروع کریں،ہم نے چین کی الیکٹرک کار مینوفیکچرنگ پلانٹس کا دورہ بھی کیا جہاں نگراں وزیر تجارت نے چینی حکام پر واضح کیا کہ الیکٹرک وہیکلز مینوفیکچرنگ کی خصوصی اقتصادی زونز میں حوصلہ افزائی کی جائے گی۔زبیرطفیل نے کہا کہ نگراں وزیرِ تجارت گوہراعجاز نے چین کے دورے میں واضح طور پر یہ پیغام دیا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان سے برآمدات بڑھا کر جی ایس پی پلس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور چینی ایکسپورٹرز پاکستان سے جی سی سی اور افریقا کو ایکسپورٹ کرسکتے ہیں ،پاک چین تجارتی تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اورچین نے آزاد تجارتی معاہدے پر نظرثانی پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نگراں وزیرتجارت نے چینی صنعت کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری تیز کرنے کی دعوت بھی دی ہے، قوی امکان ہے کہ چین پاکستان کے لیے اپنی منڈیاں کھولے گا۔زبیرطفیل نے بتایا کہ پاکستانی کاروباری وفد کی چین کے نائب وزیر تجارت لی فی سے ملاقات ہوئی اوور اس ملاقات میں پاک چین تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا،پاکستان چین کے ساتھ تجارت بڑھا کر معاشی مسائل سے نکل سکتا ہے اورملکی تجارتی خسارہ کم کر کے تمام مسائل حل کر سکتا ہے،بلاشبہ نگراں وزیرتجارت گوہراعجاز کی قیادت میں پاکستانی وفد کا دورہ چائنا بے حد کامیاب ثابت ہوا جس کے مثبت اثرات مستقبل میں سامنے آئیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close