ماڑی پیٹرولیم پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ساتویں بلین ڈالر کمپنی بن گئی

اسلام آباد(پی این آئی)ملک کی معروف تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی فرم ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بلین ڈالر کلب میں شامل ہوگئی ہے۔ اگر 5 مہینے پہلے اس لسٹ کا جائزہ لیا جائے تو صرف 2 لسٹڈ کمپنیاں تھیں او جی ڈی سی ایل اور نیسلے جن کا مارکیٹ کیپ بلین ڈالر سے زیادہ تھا۔
سی ای او ٹاپ لائن سیکیورٹیز محمد سہیل نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کی معروف ایکسپلوریشن فرم، ماڑی پیٹرولیم، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بلین ڈالر کلب میں شامل ہو گئی ہے۔ اب پاکستان کی 7 لسٹڈ کمپنیاں ہیں جن کی مارکیٹ ویلیو ایک بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ان کمپنیوں میں او جی ڈی سی، کولگیٹ، نیسلے، میزان، پی پی ایل، پاک ٹوبیکو، اور ماری پیٹرولیم شامل ہیں۔ ماری پیٹرولیم کے علاوہ ایک ارب روپے سے زیادہ کی مارکیٹ ویلیو والی 6 دیگر کمپنیاں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنیاں اس وقت عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
آج سے 5 ماہ پہلے اوجی ڈی سی ایل اور نیسلے بلین ڈالر کمپنیوں میں شال تھیں، اسی عرصے کے دوران ماڑی پیٹرولیم سمیت کولگیٹ، میزان، پی پی ایل اور پاک ٹوبیکو بھی بلین ڈالر کمپنیوں میں شامل ہوئی ہیں۔
رواں سال کے دوران ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے توانائی کے ذخائر کی تلاش میں اورینٹ پیٹرولیم انک کے ساتھ وزیرستان بلاک میں گیس کی دریافت کے ضمن میں ابتدائی پیداواری سہولیات کی فراہمی کا معاہدہ کیا تھا۔
ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی جب پاکستان کو اپنے توانائی کے ذخائر میں مسلسل کمی کے باعث ایندھن کے کارگو حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑرہی تھی۔
واضح رہے ماڑی پیٹرولیم پاکستان کی واحد کمپنی ہے جو گزشتہ 2 سال کے دوران مسلسل اضافے کے ساتھ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں