ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور(پی این آئی) پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے لیے تین روز کی نرمی کر دی گئی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں جاری ہونے والا ٹوکن پاس ہونے پر 3 دن تک چالان نہیں ہو گا لیکن ٹوکن پر تین دن بعد لائسنس نہ بنا تو چالان ہوگا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لائسنس کا حصول جلد اور تیز بنانے کی ہدایات بھی کی ہیں۔لاہور میں کم عمراوربغیرلائسنس ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔جب کہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے میں پنجاب بازی لئے گیا،لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک روز میں ٹریفک پولیس نے 95ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے ۔ ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق ان لائسنسوں میں لرننگ ، نیشنل، انٹرنیشنل اور تجدید والے سمیت تمام ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں۔لاہور میں 21ہزار 600سو کے قریب شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، فیصل آباد میں 6758، گوجرانوالہ میں 8636شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، راولپنڈی میں 7141، ملتان میں 6583اور سرگودھا میں 3ہزار شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ۔ترجمان کے مطابق گذشتہ چھ روز میں مجموعی طور پر 05لاکھ 15ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔

ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پنجاب میں قائم خصوصی ڈیٹا سنٹر سے تمام ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جارہا ہے ، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کی زیر نگرانی ہر گھنٹے بعد لائسنسنگ اور چالانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہاہے ۔اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے کہا کہ تمام اضلاع میں ٹریفک پولیس کے دفاتر، خدمت مراکز شہریوں کو بلاتعطل ڈرائیونگ لائسنس فراہم کر رہے ہیں، بڑے شہروں میں ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے پولیس دفاتر شہروں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جا رہے ہیں ، شہری کسی بھی پولیس دفتر ، خدمت مرکز یا پولیس خدمت وین سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس باآسانی حاصل کر سکتے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close